عالمی یوگا ڈے کے اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے ہریانہ کے گورنر کیپتان سنگھ سولنکی کا مودی پر طنز
ہریانہ، ۱۸؍جون: (بی این ایس) عالمی یوگا ڈے پر فرید آباد میں پانچ روزہ یوگا کیمپ کا آغاز جمعہ سے ہو گیا ہے سیکٹر -12 کے ہڈا میدان پر پہلے ہی دن 30 ہزار سے زیادہ لوگوں نے سوامی رام دیو کے ساتھ یوگا کیا ۔ ہریانہ کے گورنر پروفیسر کیپٹن سنگھ سولنکی نے کیمپ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پیدائش انسان کے طور پرہوتی ہے لیکن انسان بننے کے لئے یوگا کے ساتھ جڑنا بہت ضروری ہے۔ اور جو اس کے ساتھ نہیں جڑتا وہ انسان ہوتے ہوئے بھی راکشش ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کو ہری کی زمین کہا جاتا ہے۔ ہریانہ میں سادھو سنتوں کی بڑی مہربانی
ہے۔ پورے ملک میں آج اس ریاست نے اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ اسٹیج پر تقریر کرتے ہوئے گورنر نے اسمارٹ سٹی بنانے کی تیاری کرنے والوں پر نشانہ سادھ دیا اور کہا کہ وزیر اعظم ملک میں اسمارٹ سٹی بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ لیکن اگر آدمی اسمارٹ نہیں بن پایا تو اس کا کیا مطلب رہ جائے گا؟ ملک کو ڈیجیٹل اور اسمارٹ سٹی بناتے بناتے کہیں ملک راون کی لنکا نہ بن جائے۔ رام کی ایودھیا بنانے پر دھیان دیں تو بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ اگر آپ کو ایک قدم چلتے ہیں تو پورا ملک 125 کروڑ قدم آگے بڑھے گا۔ لیکن ملک کی سب سے بڑی دقت ہے کہ ہم لوگ ایک ساتھ منظم ہوکر نہیں چلتے۔ ملک اس وقت آگے بڑھے گا جب ہم ایک ساتھ ایک ہی جانب قدم بڑھائیں گے۔